این ڈی ایم اے کی ممکنہ موسمی صورتحال بارے جائزہ رپورٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے یکم تا 7 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ہواؤں کے دو الگ سلسلے داخل ہوں گے، کمزور مرطوب ہواؤں کا سلسلہ جنوبی اور مشرقی علاقوں میں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمالی علاقوں میں اثر انداز ہو گا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق یکم جون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول گلیات، خطہ پوٹھوہار،رحیم یار خان اور راجن پور کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی بلوچستان میں بارکھان اور کوہلو کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، 2 جون کو دن میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ شام کے اوقات میں پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 2 جون کی شام لاہور، سیالکوٹ، گجرات، پوٹھوہار اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، 3 اور4جون کے دوران شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں موسم ابر آلود رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کا امکان ہے، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب میں 5 تا 7 جون گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

الرٹ کے مطابق شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف) کا خطرہ برقرار ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے شسپر، گلکن، درکوٹ، ریشن، بدسوات اور دیگر گلیشیائی علاقوں کو حساس قرار دے دیا گیا، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنجاب کے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرات میں اضافہ ہو گیا، سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، جنگلات میں آگ جلانے اور جلتے سگریٹ پھینکنے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، گلاف اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، عوام بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے   پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ   ایپ استعمال کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں