فیفا ورلڈکپ: سٹیڈیم آنے والے شائقین پر بڑی پابندی عائد

زیورخ: (ویب ڈیسک) فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے دوران شائقین کیلئے سٹیڈیم میں دوبارہ استعمال ہونے والی پانی کی بوتلیں لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ سٹیڈیم ضابطہ اخلاق میں آخری وقت میں کی گئی تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے۔

ابتدائی طور پر فیفا نے شفاف اور خالی پلاسٹک کی ری یوزایبل بوتلوں کو سٹیڈیم میں لانے کی اجازت دی تھی تاہم منگل سے نافذ ہونے والے نئے ضابطے کے تحت اب ایسی بوتلیں بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔

فیفا کے مطابق بوتلیں، کپ، جار اور کین جیسی اشیاء کو میدان میں پھینکے جانے کی صورت میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے زخمی ہونے کا خطرہ موجود ہوتا ہے اسی لئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں، ریفریز، رضاکاروں، عملے اور شائقین کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔

ادارے کے مطابق بعض میزبان سٹیڈیمز میں پہلے ہی بیرونی بوتلوں پر پابندی تھی جسے اب پورے ٹورنامنٹ میں یکساں طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شائقین نے گرم موسم میں پانی کی دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ بعض مقامات پر درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

فیفا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سٹیڈیمز کے اطراف مسٹنگ سٹیشنز، ہائیڈریشن پوائنٹس، کولنگ ٹینٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں