وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔

وزیر بلدیات ناصر شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور بڑی تعداد میں شہری وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ افتتاح تقریب میں موجود تھے۔

افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ عظیم پورہ فلائی اوور شاہراہِ بھٹو، شاہ فیصل کالونی، شاہراہِ فیصل اور کراچی ایئرپورٹ کو آپس میں منسلک کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک ارب 56 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ ریکارڈ 90 دنوں میں مکمل کیا گیا، عظیم پورہ فلائی اوور کراچی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کا اہم منصوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فلائی اوور کی تعمیر سے کورنگی، ملیر، شاہ فیصل اور ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو سہولت میسر آئے گی، کراچی کے مصروف ترین عظیم پورہ چوراہے پر ٹریفک جام میں نمایاں کمی آئے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عظیم پورہ فلائی اوور شہریوں کو محفوظ، تیز اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گا، کراچی پاکستان کی معیشت کا مرکز ہے، ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری ناگزیر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاہراہِ بھٹو سے شاہ فیصل اور شاہراہِ فیصل تک براہِ راست رابطہ قائم ہو گیا، منصوبے میں سڑکوں کی توسیع، نکاسی آب کی بہتری اور جدید سٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں، عظیم پورہ منصوبے کے تحت 700 میٹر طویل دو رویہ فلائی اوور تعمیر کیا گیا۔

وزیر سندھ نے کہا کہ منصوبے میں 1255 میٹر مرکزی سڑک اور اضافی رابطہ سڑکیں بھی شامل ہیں، 2075 میٹر نکاسی آب کے نظام کی بحالی اور 850 میٹر فٹ پاتھ تعمیر کیے گئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت نئی چورنگی، میڈین بیریئرز اور جدید لائٹنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا، صرف 90 دن میں منصوبہ مکمل ہونا بلدیاتی اداروں کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام جدید انفراسٹرکچر کے مستحق ہیں، ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے، سندھ حکومت کراچی کو جدید اور مؤثر میٹروپولیٹن شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے، ہمارا ویژن ایسا کراچی ہے جہاں سفر آسان، محفوظ اور تیز رفتار ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں