دنیا کا پہلا خودکار روبوٹ ٹوائلٹ متعارف، بستر تک خود پہنچنے کی صلاحیت
شنگھائی: (ویب ڈیسک) آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی نے انسانی سہولت کے لیے ایک اور منفرد ایجاد متعارف کرا دی۔
چین کی ایک کمپنی نے دنیا کا پہلا خودکار ’’روبوٹ ٹوائلٹ‘‘ پیش کر دیا ہے، جو ضرورت پڑنے پر خود چل کر صارف کے بستر تک پہنچ جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منفرد سمارٹ ٹوائلٹ ’’شیاؤبان‘‘ نام سے شنگھائی میں منعقدہ ایک نمائش کے دوران متعارف کروایا گیا، اسے خصوصی طور پر معذور، بیمار اور بزرگ افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔
روبوٹ ٹوائلٹ میں جدید لائیڈار اور اے آئی تھری ڈی نیویگیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کی مدد سے یہ گھر کے اندر موجود رکاوٹوں سے محفوظ انداز میں گزر کر ضرورت مند فرد تک خود پہنچ سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق کمرے کی فضا کو خوشگوار رکھنے کے لیے اس میں ایکٹیویٹڈ چارکول فلٹرز اور خصوصی فوم شیلڈ لگائی گئی ہے، جو بدبو کو باہر آنے سے روکتی ہے۔
استعمال مکمل ہونے کے بعد یہ سمارٹ ڈیوائس خودکار طور پر مین واش روم یا اپنے ڈاکنگ سٹیشن تک واپس چلی جاتی ہے، جہاں پائپ کے ذریعے فضلہ خارج کیا جاتا ہے، بعد ازاں پریشر واٹر جیٹس اور الٹرا وائلٹ (یو وی) لائٹ کی مدد سے یہ خود کو صاف اور جراثیم سے پاک بھی کر لیتی ہے۔
چین کی مارکیٹ میں اس جدید روبوٹ ٹوائلٹ کی قیمت تقریباً 13 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 36 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ایجاد معذور اور ضعیف افراد کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو نگہداشت کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔