ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی
لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے،راولپنڈی،مری،گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اورگوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے،لاہور، شیخوپورہ،سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کےاضلاع دیر،چترال،سوات،کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے،مانسہرہ،ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی اور مردان میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کےمختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہےگا،تاہم بالائی سندھ کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پرابر آلود رہ سکتا ہے،کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔