محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے جولائی کے پہلے ہفتے میں مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں، جن میں مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ اور حویلی شامل ہیں، بارش متوقع ہے، خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جولائی تک مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، 3 سے 6 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ملتان اور خانیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارشوں کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں