پاکستان اور اٹلی کے درمیان 20 ملین یورو کے رعایتی قرضے کا معاہدہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اور اٹلی کے درمیان 20 ملین یورو (تقریباً 6.3 ارب روپے) کے رعایتی قرضے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔

وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق معاہدے پر سیکرٹری وزارتِ اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلین نے دستخط کیے۔

اِس منصوبے کا مقصد پاکستان کے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) کے نظام کو زرعی شعبے میں مضبوط بنانا اور جدید، مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیتی پروگراموں کے ذریعے کسانوں اور زرعی توسیعی عملے کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

42 ماہ پر مشتمل اس پروگرام کے دوران 720 تربیتی کورسز منعقد کیے جائیں گے، جن سے مجموعی طور پر 18 ہزار 398 افراد مستفید ہوں گے۔

منصوبے کے تحت زراعت کے شعبے کے لیے 11 معیاری تربیتی نصاب تیار کیے جائیں گے، جبکہ 12 ماڈل باغات و نرسریاں، 8 موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ ماحول دوست دیہات، 5 زرعی و غذائی پراسیسنگ یونٹس اور 2 قومی مراکزِ امتیاز بھی قائم کیے جائیں گے۔

وزارت اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ منصوبے میں زیتون، پستہ، کھجور، مشروم، چیری، انگور، آرڑو اور بادام سمیت اعلیٰ قدر کی حامل زرعی فصلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، سرگودھا میں کینو و مالٹے اور تربت میں کھجور کی پیداوار کے لیے قومی مراکزِ امتیاز قائم کیے جائیں گے۔

حکام نے مزید بتایا کہ منصوبے پر پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ، صوبائی محکمہ زراعت کے تعاون سے عمل درآمد کرے گا، پروگرام کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ، پائیدار زرعی طریقوں کا فروغ، دیہی معیشت کی بہتری، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پوسٹ ہارویسٹ نقصانات میں کمی لانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں