پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ماسکو: (شاہد گھمن) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی فیڈریشن کونسل کی بین الاقوامی امور کمیٹی کے پہلے نائب چیئرمین آندرے دینیسوف اور فیڈریشن کونسل کی دفاع و سلامتی کمیٹی کے پہلے نائب چیئرمین اور پاکستان کی سینیٹ کے ساتھ تعاون کیلئے قائم فیڈریشن کونسل گروپ کے سربراہ ولادیمیر چیزوف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور روس کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر قانون سازی، پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان مسلسل فروغ پاتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دوطرفہ تعاون، باہمی اعتماد اور تعمیری مکالمے کو مزید وسعت دینے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں