شدید گرمی میں لیسکو کی تکنیکی خرابیاں بڑھ گئیں، متعدد علاقوں میں رات بھر بجلی بند
لاہور:(دنیا نیوز) شدید گرمی میں لیسکو کی تکنیکی خرابیاں بڑھ گئیں، متعدد علاقوں میں رات بھر بجلی بند رہنے لگی۔
شدید گرمی کی لہر کے دوران لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ترسیلی نظام مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث دباؤ کا شکار ہو گیا جب کہ ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موسم سرما میں سسٹم اپ گریڈیشن اور مینٹیننس کے دعووں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے کے باعث گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، متعدد علاقوں میں دو، دو روز گزرنے کے باوجود خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کیے جا سکے۔
عامر ٹاؤن، شاہدرہ، رانا ٹاؤن، گلشن راوی، سمن آباد، مصطفیٰ آباد، سید پور، قلعہ محمدی، باٹا پور، صحافی کالونی، مغل پورہ اور تاج باغ کے مختلف علاقوں میں رات سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد لیسکو عملے نے صارفین کے فون اٹھانا بھی بند کر دیے، جبکہ لیسکو کی ہیلپ لائن بھی مؤثر ثابت نہ ہو سکی۔
شہریوں کے مطابق شکایت درج کرانے پر مسئلہ حل کیے بغیر ہی بجلی بحال ہونے کا تصدیقی پیغام موصول ہو جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیسکو ریجن میں دن کے اوقات میں بجلی کی طلب 3720 میگاواٹ ہے، جبکہ کمپنی کا مقررہ کوٹہ 3750 میگاواٹ ہے۔
اس وقت لیسکو کو تقریباً 3550 میگاواٹ بجلی موصول ہو رہی ہے، طلب اور رسد میں بڑا فرق نہ ہونے کے باوجود صارفین کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بجلی بندش کا سامنا ہے۔