ژوب: بارش کے دوران مکانات گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی

ژوب: (دنیا نیوز) شدید بارش کے دوران مختلف علاقوں میں مکانات گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نئی آبادی میں ایک مکان گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں، اسی علاقے میں ایک اور مکان گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب شمسی کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین میونسپل کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں