سعودی کرکٹ فیڈریشن اور پی سی بی کے درمیان سٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا
جدہ: (دنیا نیوز) سعودی کرکٹ فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان سٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا۔
پی سی بی اور سعودی عرب میں ایم او یو پر دستخط کر دیے گئے جس کے تحت جدہ میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، معاہدے پر سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین پرنس سعود بن مشعل اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دستخط کیے۔
سعودی عرب اور پاکستان مل کر کرکٹ انفراسٹرکچر، پچز اور جدید میڈیا سہولیات تیار کریں گے، جدہ سٹیڈیم کی تعمیر سے سعودی عرب میں بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی ممکن ہو سکے گی۔
جدہ کرکٹ سٹیڈیم کا منصوبہ سعودی ویژن 2030ء کے مقاصد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنیکل پروگرامز اور تجربات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر پرنس سعود بن مشعل نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا طویل مدتی مستقبل اور پائیدار سرمایہ کاری ہمارا ہدف ہے، جبکہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے کرکٹ سفر میں حصہ ڈالنا پی سی بی کیلئے اعزاز کی بات ہے۔