پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کا اجلاس، جیو نیوز کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال

لاہور: (دنیا نیوز) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کا اجلاس 30 جون کو لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف دس محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا۔

کونسل آف کمپلینٹس نے فیصلہ کیا کہ پیمرا اتھارٹی کی تجاویز جمع کرانے سے قبل اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کی جائے۔

کونسل نے سوال اٹھایا کہ آیا پیمرا کی جانب سے لائسنس کی معطلی اور جیو نیوز کی جانب سے پیش کی گئی معافی اور اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے؟

 اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں ایک ہفتے کے اندر اپنی رائے سے کونسل آف کمپلینٹس کو آگاہ کرے۔

اجلاس کے دوران جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے، انہوں نے ادارے کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا اور لائسنس معطلی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔

مذہبی جذبات سے متعلق معاملے کی حساسیت اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کی روشنی میں پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رہنمائی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور اظہار کا حق حاصل ہے اور پریس کو بھی آزادی دی گئی ہے تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ایسی معقول پابندیوں کے تابع ہے جو اسلام کی عظمت کے مفاد سمیت دیگر آئینی تقاضوں کے لئے ضروری ہوں۔

اس تناظر میں کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کی ہے کہ آیا جیو نیوز کے معاملے میں پہلے سے جاری نشریات کی معطلی کا حکم، ادارے کی جانب سے پیش کی گئی عوامی معذرت اور اب تک کیے گئے اقدامات مجموعی طور پر مناسب اور کافی ردِعمل تصور کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔

اگر یہ اقدامات ناکافی ہوں تو اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں مزید کس حد تک کارروائی مناسب ہوگی، اس بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے۔

اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رائے 7 دن کے اندر، یعنی 8 جولائی 2026 تک، کونسل آف کمپلینٹس کو ارسال کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں