ای پیڈ 2.0 کی لانچنگ کی تیاریاں مکمل، سرکاری خریداری میں شفافیت بڑھے گی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کے "ایک قوم، ایک نظام" وژن کے تحت ای پیڈ 2.0 کی لانچنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ایم ڈی پیپرا کے مطابق نئے نظام سے سرکاری خریداری کے عمل میں شفافیت اور احتساب کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ای پیڈز کے پہلے نظام کے ذریعے مالی سال 2024-25 کے دوران 14 کھرب روپے سے زائد مالیت کے سرکاری لین دین کو کامیابی سے مکمل کیا گیا، اس نظام کے باعث قومی خزانے کو 20 ارب روپے سے زائد کی بچت ممکن ہوئی۔

ایم ڈی پیپرا کا کہنا تھا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم میں اب تک 10 ہزار سے زائد سرکاری ادارے اور 51 ہزار سپلائرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جو نظام پر اعتماد اور اس کی افادیت کا مظہر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای پیڈ 2.0 کے نفاذ سے سرکاری خریداری کا نظام مزید جدید، شفاف اور مؤثر ہوگا، جبکہ حکومتی وسائل کے بہتر استعمال اور احتساب کے عمل کو بھی مزید فروغ ملے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں