ہیومن پلیسینٹا کیس: ایف آئی اے کی تحقیقات میں نئے انکشافات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہیومن پلیسینٹا کیس کی ایف آئی اے تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انسانی پلیسینٹا سے اینٹی ایجنگ انجکشن تیار کیے جاتے تھے، جن کی پاکستانی مارکیٹ میں قیمت 7 لاکھ روپے تک ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، پشاور اور راولپنڈی میں مبینہ ایجنٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، کسٹمز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے کردار کی بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، کسٹمز اہلکاروں کے ممکنہ ملوث ہونے کے پہلو کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ویتنام بھیجی جانے والی 100 کلوگرام ہیومن پلیسینٹا کی کھیپ روک لی گئی جبکہ مختلف ہسپتالوں سے ہر ماہ تقریباً 200 کلوگرام پلیسینٹا اکٹھا کیا جاتا تھا۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق کیس کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ طور پر ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔