لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی 10 خالی آسامیوں کیلئے 11 وکلا کے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی 10 خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، عالیہ نیلم نے 11 سینئر اور قابل وکلا کے نام جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی نشستوں کو پر کرنے کے لیے چیف جسٹس عالیہ نیلم سمیت تمام ارکان سے 4 جولائی تک نام طلب کیے تھے۔

جس کے بعد چیف جسٹس نے پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور شفاف کردار رکھنے والے وکلا کی فہرست کمیشن کو ارسال کر دی۔

تجویز کردہ ناموں میں پراسکیوٹر جنرل اسلام آباد غلام سرور نہنگ، پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ، سینئر ایڈووکیٹ منور دوگل، سینئر ایڈووکیٹ شیریں عمران شامل ہیں۔

دوسری جانب سینئر ایڈووکیٹ کاشف رجوانہ، سینئر ایڈووکیٹ محمد اجمل، سینئر ایڈووکیٹ عثمان جی راشد چیمہ، سینئر ایڈووکیٹ خالد ابن عزیز اور سینئر ایڈووکیٹ عامر عجم  کے نام بھی جوڈیشل کمیشن  کو بھجوائے گئے۔

جوڈیشل کمیشن ان ناموں پر غور کے بعد حتمی سفارشات مرتب کرے گا، جبکہ منظوری کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی 10 خالی آسامیوں پر تقرری کا عمل مکمل ہو سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں