پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی سرمایہ کاری کیلئے عالمی دلچسپی میں اضافہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی سرمایہ کاری کیلئے عالمی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان میں ٹیکنالوجی، جدید صنعتوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے برطانیہ۔ چین فنڈ کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

برطانیہ۔چین فنڈ نے پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس، پاکستان سٹیل ملز، لیتھیم ٹیکنالوجی اور کراچی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، وفد نے پاکستان کو کمپیوٹر چپ پیکیجنگ، سیمی کنڈکٹرز، گرین انرجی چارجرز اور جدید مینوفیکچرنگ کیلئے موزوں قرار دیا ہے۔

وفد کو دی سلیکون ولیج میں پاکستان کے پہلے ٹیکس فری ٹیکنالوجی زون اور پہلے اے آئی ڈیٹا سینٹر پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

برطانیہ-چین فنڈ نے چین کے کامیاب ٹیکنالوجی پارک ماڈل کو دی سلیکون ولیج کے اشتراک سے پاکستان میں متعارف کرانے میں دلچسپی ظاہر کی، اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پاکستان سٹیل ملز، چنیوٹ کے لوہے کے ذخائر اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کئے۔

ملاقات میں بورڈ آف انویسٹمنٹ نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی پاکستان کی جدید صنعتی صلاحیت اور صنعتی مستقبل پر اعتماد کا اظہار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں