بلوچستان پولیس نے کانسٹیبل محمد ادریس کے استعفے کی خبر بے بنیاد قرار دیدی
کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان پولیس کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بلوچستان کانسٹیبلری کے ایس پی یو اہلکار محمد ادریس کے استعفے سے متعلق خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بلوچستان پولیس ترجمان کے مطابق کانسٹیبل محمد ادریس کو مسلسل غیر حاضری اور محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی پر ملازمت سے برخاست کیا جا چکا ہے، مذکورہ اہلکار غیر حاضری کا عادی تھا اور کئی مرتبہ بغیر منظور شدہ رخصت یا اطلاع کے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہا۔
ترجمان کے مطابق محمد ادریس نے تاحال محکمہ پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا، وہ 19 فروری 2025 کو پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 36 روز غیر حاضر رہا جب کہ 23 مئی 2026 سے مسلسل غیر حاضر تھا۔
علاوہ ازیں بلوچستان پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتنی مختصر مدت کی ملازمت میں مسلسل غیر حاضری محکمانہ قوانین کے منافی ہے، جس پر محمد ادریس کو 23 مئی 2026 سے ملازمت سے برخاست کیا جا چکا ہے۔