پاکستان اور چین کا سرحدوں پر مؤثر سکیورٹی کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے چینی ڈی جی امیگریشن ایڈمنسٹریشن سے ملاقات ہوئی جس میں پاک چین بارڈر مینجمنٹ و سکیورٹی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں محسن نقوی اور طلال چودھری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، اسلحہ سمگلنگ اور سرحد پار جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ امیگریشن پراسس کو تیز تر بنانے کے لیے متعلقہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) July 17, 2026
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان لینڈ بارڈرز، سی پورٹس اور امیگریشن مینجمنٹ کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے، حکومت غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ خنجراب پاس پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جی بی سکاؤٹس کی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے اور طلال چودھری نے کہا کہ باہمی تعاون سے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جائے گی۔
چینی وفد نے پاکستان کی جانب سے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کے خلاف اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ نے کہا کہ چین پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات میں چینی وفد نے وزیر داخلہ کو چین کے وزیر داخلہ کی جانب سے پبلک سکیورٹی فورم میں شرکت کا دعوت نامہ بھی پیش کیا جب کہ ایف آئی اے کے وفد کو بھی فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس موقع پر چینی سفیر، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments