ایرانی حملے میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا: کویت
کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کی وزارتِ بجلی، پانی و توانائی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ملک کے ایک بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جس کے باعث پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد اہم تنصیبات متاثر ہوئیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے، جبکہ قومی بجلی کے نظام کو مستحکم رکھنے اور اثرات کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پر ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت فائر فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ وزارت کی ہنگامی اور تکنیکی ٹیمیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لینے، پلانٹ کو محفوظ بنانے اور متاثرہ یونٹس کو جلد از جلد بحال کرنے میں مصروف ہیں۔
وزارتِ بجلی، پانی و توانائی کے مطابق تکنیکی عملہ چوبیس گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، قومی گرڈ کے استحکام اور کسی بھی ممکنہ خلل سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے، شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں بجلی کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ قومی بجلی کے نظام پر دباؤ کم رہے اور مرمتی کام جلد مکمل کیے جا سکیں۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر نئے حملوں کی تقریباً 90 منٹ تک جاری رہنے والی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔
ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فوجیوں کی شہادت کے جواب میں شام میں قائم امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments