ایف آئی اے کی ملتان ائیرپورٹ پر کارروائیاں، مبینہ سائبر فراڈ کی کوششیں ناکام
ملتان: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائیرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے ملائیشیا وزٹ ویزوں کی آڑ میں بیرون ملک مبینہ سائبر فراڈ کی کوششیں ناکام بنادیں، منظم نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ملائیشیا کے وزٹ ویزوں پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو مشکوک سرگرمیوں کے شبہ میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا۔
مسافروں کی شناخت ولید الغنی اور محمد یار کے نام سے ہوئی، دونوں مسافروں کا تعلق ملتان اور لودراں سے ہے۔
ایف ائی اے امیگریشن ملتان ائرپورٹ پر قائم پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر میں مسافروں کی تفصیلی پروفائلنگ کی گئی، دوران پروفائلنگ اور موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ابتدائی ڈیجیٹل شواہد سے مسافروں کے بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورکس سے مبینہ روابط سامنے آئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں مسافر ماضی میں کمبوڈیا جا چکے تھے اور مشکوک سفری حالات کے باعث پہلے بھی آف لوڈ کیے گئے تھے، موبائل فونز کے ابتدائی جائزے میں مبینہ طور پر آن لائن سکیمنگ نیٹ ورکس سے رابطوں کے شواہد برآمد کر لئے گئے ہیں۔
مسافروں سے پاکستانی شہریوں کو سائبر فراڈ سرگرمیوں کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل کر لی گئی۔
دستیاب شواہد کے مطابق مسافروں نے ملائیشیا کے وزٹ ویزوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے سائبر ذرائع سے مالی فراڈ اور آن لائن سکیمنگ میں ملوث ہونا تھا۔
مسافروں کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے ایف آئی اے غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سفری دستاویزات کے غلط استعمال کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments