واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ، این سی سی آئی اے کا ایکشن پلان، ہیلپ لائن بھی قائم ہوگی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) خرم علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس ہیکنگ کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، تاہم واٹس ایپ ہیکنگ سے نمٹنے کے لیے جامع ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے خرم علی نے کہا کہ ہیک شدہ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بحالی میں رہنمائی کے لیے آن لائن ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے، جبکہ میٹا کے تعاون سے مقامی زبانوں میں عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری اپنے واٹس ایپ پر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن ضرور فعال کریں اور فون پر موصول ہونے والا او ٹی پی یا خفیہ کوڈ کسی سے ہرگز شیئر نہ کریں کیونکہ او ٹی پی شیئر کرنا واٹس ایپ ہیک ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

خرم علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ واٹس ایپ ہیکنگ کے بعض واقعات میں کمی آئی ہے، تاہم سائبر جرائم کے نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث آن لائن فراڈ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے نے بتایا کہ بین الاقوامی تعاون سے پاکستان میں سرگرم متعدد سائبر کرائم گینگز کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ او ٹی پی کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات اختیار کریں تاکہ سائبر فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...