پاکستان بزنس فورم کا وزیراعظم کو خط، پٹرولیم قیمتوں کے نظام پر نظرثانی کا مطالبہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کر دیا۔

صدر پاکستان بزنس فورم خواجہ محبوب الرحمن نے کہا کہ موجودہ فارمولے نے بزنس کمیونٹی اور عوام کو جمود کا شکار بنا دیا ہے، اس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں بھی من مانی طور پر وصول کی جا رہی ہیں۔

پاکستان بزنس فورم کے مطابق پانچ دنوں میں پٹرول کی قیمت میں 24 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا، مشکل حالات میں حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے، تمام بوجھ عوام پر منتقل کرنا نہیں۔

خواجہ محبوب الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم صاحب معیشت کو سہارا دینے کی ضرورت ہے لیکن حکومتی اقدامات سے ایسا نظر نہیں آ رہا، اس لیے وزیراعظم کی مداخلت ناگزیر ہو گئی ہے۔

پاکستان بزنس فورم نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی کو 18 فیصد جی ایس ٹی کے مساوی فی لٹر مقرر کیا جائے، تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے فی لیٹر مارجن میں بھی کمی کی جائے۔

پی بی ایف نے پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز کو پہلے ہی فی لٹر 8 روپے سے زائد مارجن حاصل ہے۔

خواجہ محبوب الرحمن نے کہا کہ اگر وزارت پٹرولیم کی جانب سے مارجن میں اضافے کی کوئی سمری بھیجی جاتی ہے تو اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...