امریکا سے جنگ ختم کرنے کیلئے مذاکرات کی درخواست نہیں کی: ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی درخواست نہیں کی، جنگ اور امن کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ ایران کبھی بھی امریکا کو جنگ یا امن کے وقت کا تعین نہیں کرنے دے گا، امریکا نے ایران پر حملے کے بعد یہ سمجھا تھا کہ ایران 3 دن میں ہتھیار ڈال دے گا، کئی ماہ بعد بھی واشنگٹن خود مشکلات کا شکار ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا جب بھی عالمی توانائی کی قیمتیں بڑھتی دیکھتا ہے تو مذاکرات کی میز پر واپس آ جاتا ہے، اسرائیل مشرق وسطیٰ کے ممالک کے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں ہر ممکن رکاوٹ پیدا کرتا ہے، پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کا استعمال ہر ملک کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے صرف اپنے قانونی حق سے فائدہ اٹھایا ہے، بحیرہ کیسپین میں ایرانی تجارتی جہاز پر یوکرینی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو یوکرینی حملے کا جواب دینے کا حق حاصل ہے، روس یوکرین جنگ کے آغاز سے ہی ایران نے مداخلت کا ارادہ نہیں رکھا۔
یہ بھی پڑھئے: ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری، خودمختاری کا دفاع ترجیح ہے: ایران
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، خطے کے بعض ممالک امریکا کے ساتھ جنگ میں شریک ہیں، ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا بنیادی ذمہ دار امریکا ہے، خطے کے بعض ممالک کی ایران کے خلاف جنگ میں شمولیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امید ہے متعلقہ علاقائی ممالک امریکا کے ساتھ ایران مخالف اقدامات میں مزید تعاون سے گریز کریں گے، خطے میں کشیدگی بڑھانے والی کسی بھی کارروائی کے نتائج کی ذمہ داری اس میں شریک فریقین پر عائد ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان جمعہ اور ہفتہ کو مذاکرات ہوئے، جہاز رانی کے نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کے حوالے سے مفید بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ اب بھی بند ہے، ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات کا امریکا سے کوئی تعلق نہیں، بات چیت صرف آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے انتظام اور علاقائی معاملات تک محدود ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments