میرپور ڈویژن کے عوام نے ن لیگ کی کارکردگی پر اعتماد ظاہر کیا: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج عوام کا فیصلہ ہیں، لوگوں نے ن لیگ کی کارکردگی کا انتخاب کیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کیا جانا چاہئے اور جمہوری عمل کا احترام کرنا چاہئے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری نظر آ رہا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے بیانات افسوسناک ہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی تلخی سے گریز کیا اور عوام نے میرپور ڈویژن میں پنجاب کی ترقیاتی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔

وزیراطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران پنجاب میں نمایاں ترقیاتی کام ہوئے، جن میں ستھرا پنجاب پروگرام، بارشوں کے دوران بروقت نکاسیٔ آب اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے، سندھ، خصوصاً کراچی میں ٹرانسپورٹ، صفائی، صحت، تعلیم اور امن و امان سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے، جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے نتائج نمایاں ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود آ کر صوبے میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کریں، جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...