کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے، رانا ثنا اللہ

حویلی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اب کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے، وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے آزاد کشمیر کی ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔

ایل اے 17 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حویلی میں ہونے والا تاریخی جلسہ کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، بھارت کو معلوم ہو چکا ہے کہ وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں کامیابی حاصل کر چکی ہے، جبکہ 45 نشستوں پر مشتمل اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں درکار ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرپور اور آزاد کشمیر کے لیے پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرائی ہے اور اب کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے، جبکہ وفاق میں پارٹی کی حکومت کے باعث خطے کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ مظفر آباد، میر پور کے بعد حویلی نے بھی مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنا دیا، آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے، دھاندلی کے الزامات حقائق کے برعکس ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ حویلی ان کا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے عوام سے ان کا رشتہ محبت اور اعتماد پر قائم ہے، وہ عوام کو مبارکباد دینے آئے ہیں کیونکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بن چکی ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے بھی اہلیان حویلی کو سلام اور مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق اور ترقی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کیا جائے گا، 10 اگست کے بعد چوہدری محسن عزیز عوام کے وزیر ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) حویلی کا انتخاب جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...