اُلوؤں کو بھگانے کا انوکھا مگر پُراسرار طریقہ، خالی پلاٹوں میں بلیوں کے کٹ آؤٹس نصب
فلوریڈا: (دنیا نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کیپ کورل میں اُلوؤں کو ڈرانے اور علاقے سے دور رکھنے کیلئے خالی پلاٹوں میں نقلی بلیوں کے پُراسرار کٹ آؤٹس نصب کر دیے گئے۔
جنگلی حیات کے ماہرین کے مطابق 2 خالی پلاٹوں میں بلیوں کے کٹ آؤٹس لگائے گئے، جن کا مقصد ممکنہ طور پر وہاں موجود نایاب نسل کے اُلوؤں کو خوفزدہ کر کے دوسری جگہ منتقل ہونے پر مجبور کرنا ہے۔
مقامی رضاکاروں کا کہنا ہے کہ ایک پلاٹ میں اُلو کے بل کے قریب 6 نقلی بلیاں نصب کی گئی ہیں، دونوں پلاٹ حال ہی میں فروخت ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کہ نئے مالکان نے تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل مزید اُلوؤں کو وہاں بسیرا کرنے سے روکنے کیلئے یہ طریقہ اختیار کیا۔
ماہرین کے مطابق بلیاں ان اُلوؤں کی بڑی شکاری سمجھی جاتی ہیں، اسی لیے ممکنہ طور پر بلیوں کے کٹ آؤٹس کے ذریعے اُلوؤں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
فلوریڈا میں زمین کے اندر بل بنا کر رہنے والے اُلوؤں کو وفاقی قانون کے تحت خصوصی تحفظ حاصل ہے، متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر ان کے بلوں کو نقصان پہنچانا یا انہیں علاقے سے بے دخل کرنا غیر قانونی ہے۔
وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیم کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ شہری اپنے پلاٹوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بعض اوقات غیر معمولی اور انتہائی اقدامات اختیار کرتے ہیں۔
تنظیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نایاب اُلوؤں کے تحفظ کیلئے پالتو بلیوں کو بھی گھروں کے اندر رکھا جائے تاکہ یہ پرندے شکاریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments