آزاد کشمیر الیکشن: نتائج کو’’فارم 47 پلس‘‘ کے نام سے یاد رکھا جائیگا: شرجیل میمن

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نوازشریف اور مریم نواز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج کو تاریخ میں ’’فارم 47 پلس‘‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر تاریخی دھاندلی کے ذریعے خیراتی مینڈیٹ حاصل کیا ہے، عوام نے 2024 میں بھی مسلم لیگ ن کو مسترد کیا تھا اور 2026 میں بھی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت تو بنائی جا سکتی ہے، عوام میں مقبولیت اور حقیقی عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: مخالفین کیساتھ ہمیشہ اچھا سلوک کیا، امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے شکایت کا موقع ملے گا: نوازشریف

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ نوازشریف کا یہ کہنا کہ انہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے شکایت کا موقع ملنے کی امید نہیں تھی، افسوسناک ہے، نوازشریف صاحب کو پیپلز پارٹی سے شکوہ کرنے سے پہلے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ آزاد کشمیر میں سیاسی حالات کس طرح پیدا ہوئے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں، عوامی مینڈیٹ اور سیاسی رواداری کا احترام کیا ہے، انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے سوالات اٹھیں گے تو اس پر آواز بلند کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی سیاسی جماعت سے دشمنی نہیں چاہتی، نہ کبھی کی ہے، جمہوریت کے نام پر دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر اثرانداز ہونے کو بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، اس اصول پر پیپلز پارٹی آج بھی قائم ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا یہی اصول تمام سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کو اپنانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں انتخابی عمل مکمل، ن لیگ 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست

انہوں نے کہا کہ کسی انتخابی عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھیں تو انہیں شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، مریم نواز کا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ کرنا درست نہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جہاں عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا، وہاں انتخابی عمل پر تحفظات پر اپنے مؤقف کا اظہار بھی کیا، تحفظات جمہوری سیاست کا حصہ ہوتے ہیں، اسے محض دھاندلی کا الزام قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی تمام اکائیوں کے حقوق، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور ووٹ کے تقدس کی بات کی، ہمیں سیاسی مخالفت سے کوئی مسئلہ نہیں، مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب طاقت کو عوامی مینڈیٹ کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...