شہباز شریف اور ازبک صدر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم
بشکیک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے اور ٹرانس پاکستان ریلوے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بشکیک میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، کان کنی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر اور عوام کو آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹجک تعاون کونسل نے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو نئی رفتار فراہم کی ہے۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبہ وسطی اور جنوبی ایشیا کو باہم جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
شہباز شریف نے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ ملاقات میں فضائی رابطوں میں اضافے، بالخصوص تاشقند اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کی آئندہ پاکستان کی صدارت کے لیے ازبکستان کی حمایت کو سراہا اور ازبکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments