بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 12 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی اور بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ہی ضلع کھچی بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنا دیا۔

کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، ٹھکانے پر موجود آئی ای ڈیز اور گولہ بارود موقع پر تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔

صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...