فیصل آباد کو اسلام آباد سے پہلے صوبے کا درجہ دیا جائے، رانا زاہد توصیف
فیصل آباد: (دنیا نیوز) سابق ایم این اے رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس نہ بننے کے باعث عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو رہے، اسلام آباد سے پہلے فیصل آباد ڈویژن کو صوبے کا درجہ دیا جائے۔
فیصل آباد میں سابق ایم این اے و سابق سٹی ڈسٹرکٹ ناظم رانا زاہد توصیف نے دیگر معروف سیاسی، کاروباری اور سماجی شخصیات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے حوالے سے اٹھایا گیا اقدام پاکستان کی 79 سالہ تاریخ کا بہترین قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بعد آزاد ہونے والے کئی ممالک ہم سے کئی گنا آگے نکل گئے، تاہم غلط پالیسیوں اور نظام کی خرابی کے باعث پاکستان پیچھے رہ گیا۔ صرف چہرے بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہوگا بلکہ نظام میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
سابق ایم این اے رانا زاہد توصیف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے سالانہ 318 ارب روپے کی بچت ہوگی، جبکہ فیصل آباد کو صوبے کا درجہ دینے سے چاروں اضلاع میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پاور لومز اونرز ایسوسی ایشن فیصل آباد وحید خالق رامے نے کہا کہ صنعتی شہر سے اربوں روپے کا ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے، لیکن اس کے مقابلے میں شہر کو مناسب وسائل فراہم نہیں کیے جاتے۔
وحید خالق رامے کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کی صنعتوں کو بچانے اور معاشی تحفظ کے لیے فیصل آباد کو صوبے کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک شہر کی ترقی کو پورے پنجاب کی ترقی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
شہریوں نے بھی امید ظاہر کی کہ نئے صوبوں کے قیام سے صحت، تعلیم، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments