پاکستان کا غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیاء پر پابندی کے برطانوی اعلان کا خیرمقدم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیاء پر پابندی لگانے کے برطانیہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی اقدامات دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کیلئے جاری عالمی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہیں۔

پاکستان نے کئی دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا، پاکستان خودمختار، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...