یو اے ای میں عالمی کرکٹ ستاروں کی موجودگی مقامی ٹیلنٹ کیلئے اہم موقع قرار
دبئی: (سید مدثر خوشنود) ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کا آغاز 22 نومبر سے ہوگا، جس کی مناسبت ست یو اے ای میں عالمی کرکٹ ستاروں کی موجودگی کو مقامی ٹیلنٹ کیلئے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
دبئی میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن سے قبل دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں دونوں سابق اسپیڈ اسٹارز نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں عالمی کرکٹ ستاروں کی موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے، اعتماد حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا منفرد موقع فراہم کر رہی ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی مقامی کھلاڑیوں کے لیے شاندار موقع ہے، جہاں نوجوان نہ صرف اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں بلکہ پیشہ ورانہ طور پر بھی بہتر مستقبل بنا سکتے ہیں۔
ان کے مطابق ماضی میں کھلاڑیوں کو ایسی لیگز، سہولیات اور مالی مواقع میسر نہیں تھے، جبکہ آج کے نوجوانوں کو دبئی، شارجہ اور ابوظہبی جیسے عالمی معیار کے وینیوز میں کھیلنے کا ماحول مل رہا ہے۔
بریٹ لی نے پانچویں سیزن کے حوالے سے بھرپور جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سیزنز میں چار مختلف ٹیموں کا چیمپئن بننا لیگ کی مسابقت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مارکس اسٹوئنس، فن ایلن، ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن سمیت عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی موجودگی کو لیگ کی مضبوطی قرار دیا اور کہا کہ اس سیزن میں شائقین کو زبردست بیٹنگ، آل راؤنڈ کرکٹ اور تیز رفتار بولنگ دیکھنے کو ملے گی۔
سرکاری شیڈول کے مطابق ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 بائیس نومبر 2026 سے شروع ہوگا، جبکہ فائنل بیس دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں سابق فاسٹ بولرز نے اپنی تقریباً 27 سال پرانی دوستی اور میدان میں رفتار کے مقابلے کو بھی یاد کیا، بریٹ لی کے مطابق اپنے عروج کے دور میں وہ اور شعیب اختر ایک دوسرے کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار عبور کرنے کے لیے مسلسل چیلنج کرتے تھے۔
شعیب اختر نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی نوجوان فاسٹ بولر ان کا ریکارڈ توڑ دے اور راولپنڈی ایکسپریس جیسا نام بھی اپنے نام کر لے تو انہیں خوشی ہوگی، بریٹ لی نے خواہش ظاہر کی کہ یو اے ای سے بھی کوئی نوجوان فاسٹ بولر سامنے آئے جو 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا ہدف عبور کر سکے۔
بریٹ لی کے مطابق مقامی اماراتی کھلاڑیوں کو دنیا کے معروف کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے، ان کی ٹریننگ، فٹنس، ذہنی تیاری اور بڑے میچوں سے قبل تیاری کے انداز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
دونوں سابق پیسرز کا کہنا تھا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی صرف عالمی کرکٹ اسٹارز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع نہیں کر رہی بلکہ متحدہ عرب امارات میں نئے ٹیلنٹ کی شناخت اور اسے بین الاقوامی سطح تک لے جانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments