امریکی نمائندے کیف میں کوئی نئی تجاویز لے کر نہیں آئے، دفتر یوکرینی صدر
ماسکو: (شاہد گھمن) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے دفتر کے سربراہ کیرل بودانوف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اپنے حالیہ دورہ کیف کے دوران کوئی بنیادی طور پر نئی تجاویز لے کر نہیں آئے۔
کیرل بودانوف، جنہیں روس میں دہشت گرد اور انتہا پسند افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، نے نووستی لائیو کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کوئی بالکل نئی تجویز سامنے نہیں آئی، تاہم پہلے سے موجود تجاویز کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرانے مسائل کے حل کیلئے نئے طریقے تلاش کیے جا رہے ہیں، امریکی نمائندوں کے دورے کے بعد مذاکراتی عمل میں دوبارہ تیزی آئی ہے۔
خیال رہے کہ سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے اس سے پہلے 5 ستمبر کو ماسکو کا دورہ کیا تھا، جہاں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ان سے ملاقات کی تھی، اس کے اگلے روز امریکی نمائندوں نے کیف میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی ملاقات کی۔
یوکرینی پارلیمنٹ ورخوونا رادا کی رکن انا سکوروخود کے مطابق امریکی نمائندے یوکرین کیلئے امن کی ایسی شرائط لے کر آئے تھے جو سابقہ شرائط کے مقابلے میں زیادہ سخت تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments