کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی مائننگ کے تنازع پر فائرنگ، پولیس کا آپریشن کلین اَپ

کوہاٹ: (دنیا نیوز) سیاسی سرپرستی میں جاری سونے کی غیر قانونی مائننگ کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے آپریشن کلین اَپ کیا ہے۔

کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی مائننگ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کے بھتیجوں مجاہد آفریدی اور صادق آفریدی کے گروپ اور سابق ایم پی اے امجد آفریدی کے گروپ کے درمیان فائرنگ کے بعد پولیس نے درابو کچ ، کوہاٹ کے علاقے میں کریک ڈاؤن آپریشن کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان غیر قانونی گولڈ مائننگ کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازع نے فائرنگ کی صورت اختیار کی، جس میں کئی لوگ زخمی اور جاں بحق ہوئے، جس کے بعد دو ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 بھی شامل کی گئی جبکہ سابق ایم پی اے امجد آفریدی کو بھی نامزد کیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور سابق ایم پی اے امجد آفریدی، دونوں، درابو کچ، قمر، تھانہ گمبت کی حدود میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ کوہاٹ میں جاری اس غیر قانونی مائننگ میں استعمال ہونے والے 80 فیصد سے زائد ایکسیویٹرز اور ہیوی مشینری کسی عام مافیا کی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے اپنے کوہاٹ سے منتخب ایم پی اے اور صوبائی کابینہ میں اہم عہدوں پر براجمان مشیروں کی ملکیت ہیں۔

14 ستمبر کو ڈی پی او کوہاٹ کی جانب سے درابو کچ کے علاقے میں غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا، غیر قانونی مائننگ کے ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ وہاں موجود مشینری اور ایکسیویٹرز بھی ہٹا دیے گئے۔

مزید برآں غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس کی کاروائیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔

کوہاٹ میں غیر قانونی پلاسر گولڈ مائننگ کا معاملہ مستقل ضابطہ کار یا قانون نہ ہونے کے باعث پہلے ہی پیچیدہ صورتحال اختیار کر چکا ہے جبکہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث بااثر عناصر کے درمیان مفادات کی لڑائی نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

حالیہ کارروائی اس تنازع کے بعد پولیس کی جانب سے غیر قانونی مائننگ کے خلاف کیا جانے والا اہم کریک ڈاؤن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...