جاپان میں 118 سال پرانی جیل لگژری ہوٹل میں تبدیل کردی گئی

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جیل کا نام سنتے ہی ذہن میں عموماً تنگ و تاریک کمرے، سلاخیں اور قیدیوں کا تصور آتا ہے، لیکن جاپان میں ایک تاریخی جیل کو منفرد انداز میں لگژری ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

جاپانی کمپنی نے نارا شہر کی ایک صدی سے زائد پرانی جیل کی سات سال تک تزئین و آرائش کے بعد اسے ہوشینو نارا پریزن ہوٹل کے نام سے جون 2026ء میں دوبارہ کھول دیا۔

نارا جیل 1908ء میں تعمیر ہوئی تھی اور 2017ء میں اسے ثقافتی ورثے کا درجہ دیا گیا۔ تقریباً 25 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس تاریخی عمارت میں اب لگژری ہوٹل کے ساتھ ایک میوزیم بھی موجود ہے۔

جیل کی عمارت کا ڈیزائن ستارے کی شکل میں ہے، جس کے پانچ ونگز ایک مرکزی کمانڈ پوسٹ کے گرد بنائے گئے ہیں۔ تاریخی عمارت کی بیشتر تعمیراتی خصوصیات کو برقرار رکھتے ہوئے سابقہ سلاخوں والے کمروں کو باہم ملا کر پرتعیش رہائش گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔

ہوٹل میں تین اقسام کے کمرے دستیاب ہیں، جن میں سب سے بڑا کمرہ بنیادی طور پر 11 سابقہ حوالاتی کمروں کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ ایک رات کا کرایہ تقریباً 245 ڈالر سے شروع ہوتا ہے، تاہم سیاحتی سیزن کے مطابق اس میں فرق ہوسکتا ہے۔

ہوٹل کے ہالز میں لکڑی کے سبز دروازوں سمیت کئی پرانی تفصیلات آج بھی موجود ہیں، جبکہ کمروں کے نمبر بھی سابقہ جیل کے نمبروں کے مطابق برقرار رکھے گئے ہیں۔

ہوشینو نارا پریزن جاپان کی ان تاریخی جیلوں میں شامل ہے جو مغربی طرز تعمیر کے تحت بنائی گئی تھیں۔ جیل میں ماضی میں 16 سے 26 قیدی رکھے جاتے تھے اور اس کی تعمیر میں قیدیوں نے بھی حصہ لیا تھا، جبکہ عمارت میں رومن طرز تعمیر کو ترجیح دی گئی تھی۔

تاریخی عمارت کو جدید ہوٹل میں تبدیل کرتے ہوئے سب سے بڑا چیلنج اس کی اصل تعمیراتی خصوصیات کو محفوظ رکھنا تھا، تاہم تزئین نو کے بعد یہ مقام بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک منفرد رہائشی تجربہ بن چکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...