شرجیل میمن الزامات کے بجائے 18 سالہ کارکردگی کا حساب دیں: ایم کیو ایم

کراچی: (دنیا نیوز) شرجیل انعام میمن کے الزامات پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ادھر ہم، ادھر تم‘‘ کا نعرہ لگا کر ملک کو تقسیم کس نے کیا، یہ تاریخ کا حصہ ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ سندھ کو دیہی و شہری بنیادوں پر تقسیم کرنے والے اپنے گریبانوں میں کیوں نہیں جھانکتے، شرجیل میمن ماضی کے الزامات دہرانے کے بجائے سندھ حکومت کی 18 سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔

ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ صوبہ اور شہر کے عوام کے مسائل کا جواب ماضی کی کہانیاں سنا کر نہیں دیا جاسکتا، انتظامی اختیارات اور وسائل کا مطالبہ کسی زبان یا قومیت کے خلاف نہیں بلکہ محروم عوام کا حق ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کراچی کو وسائل، اختیارات اور روزگار سے محروم رکھنے کی ذمہ داری کس پر ہے، شرجیل میمن جواب دیں، شرجیل میمن بتائیں کراچی سے حاصل ہونے والے وسائل کے مقابلے میں شہر پر کتنا خرچ کیا گیا۔

ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ لسانیت کا الزام لگا کر محروم لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کا مطالبہ دبایا نہیں جاسکتا، سندھ حکومت کو ایم کیو ایم کے مطالبات سے اختلاف ہے تو الزامات کے بجائے دلیل، اعداد و شمار اور زمینی حقائق دکھا کر جواب دیں۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم نفرت اور تقسیم نہیں، اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور شہری حقوق کی بات کر رہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...