امریکی قونصلیٹ کراچی میں ’’فریڈم 250‘‘ تقریب، امریکی کامیابیوں کا جشن

کراچی: (دنیا نیوز) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی نے امریکی آزادی اور شاندار کامیابیوں کے 250 سال مکمل ہونے کی خوشی اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے ’’فریڈم 250‘‘ کے عنوان سے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

تقریب میں سندھ کے سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، سپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمن نے حکومت، کاروباری شعبے، جامعات، سول سوسائٹی، میڈیا، سفارتی برادری اور امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء کا خیرمقدم کیا۔

’’دی امریکن برانڈ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں امریکی جدت، کاروباری صلاحیت اور تخلیقی استعداد کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب میں 4 جولائی 1776 کے بنیادی اصولوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے امریکا کے پائیدار قومی اصولوں پر دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں ناظم الامور نیٹلی بیکر کے اس پیغام کا اعادہ کیا گیا کہ ایک مضبوط پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے اور ایک مضبوط امریکا پاکستان کے مفاد میں ہے۔

قونصل جنرل گڈمن نے کہا کہ دیرپا استحکام کی بنیاد معاشی خوشحالی پر ہوتی ہے، اور کراچی میں ہماری قونصل خانے کی ٹیم سندھ اور بلوچستان میں اس معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

قونصل جنرل گڈمن نے کہا کہ امریکی حکومت یہاں کام کرنے والی 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی مستقل حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال امریکا اور پاکستان کے درمیان اشیاء اور خدمات کی تجارت 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچا۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کے لیے اپنے ممالک کے مستقبل میں کردار ادا کرنے کا مطلب تیزی سے علم، تعلیم، تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی بنتا جا رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس کا مطلب امریکی جدت کو پاکستانی صلاحیتوں، امریکی جامعات کو پاکستانی طلبہ، امریکی کاروباری افراد کو پاکستانی کاروباری صلاحیتوں اور کراچی کو عالمی معیشت سے جوڑنا ہے۔

سپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی شراکت داری نے سندھ میں تعلیم، معاشی مواقع اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...