ایم ڈی کیٹ 2026: سندھ کے ٹاپ 20 میں کراچی کا کوئی امیدوار شامل نہیں
کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج کے مطابق سندھ کے ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی امیدوار شامل نہیں ہوسکا۔
سندھ بھر سے مجموعی طور پر 33 ہزار 336 امیدواروں نے میڈیکل اینٹری ٹیسٹ میں شرکت کی، جن میں 20 ہزار 831 طالبات اور 12 ہزار 505 طلبہ شامل تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا سب سے زیادہ سکور 179 نمبر رہا، جبکہ امیدواروں کا اوسط سکور 101.27 ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ بھر میں 16 ہزار 507 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کرگئے جب کہ 19 ہزار 323 امیدوار بی ڈی ایس کے لیے اہل قرار پائے۔
دوسری جانب کراچی ڈویژن سے 9 ہزار 505 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 492 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔ کراچی ڈویژن میں کامیابی کا تناسب 57.78 فیصد رہا۔
اِسی طرح شہرِ قائد کے مختلف اضلاع میں کراچی ایسٹ سے 2 ہزار 927 اور کراچی سینٹرل سے 2 ہزار 141 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، سب سے زیادہ 1 ہزار 815 امیدوار کراچی ایسٹ سے کامیاب قرار پائے۔
مزید برآں اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا کہ سندھ میں ایم ڈی کیٹ دینے والے 42.04 فیصد امیدوار مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکے، جبکہ نتائج میں طالبات کی تعداد طلبہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments