ریاست خیرپور کے آخری حکمران میر علی مراد خان تالپور انتقال کر گئے
خیرپور: (دنیا نیوز) ریاست خیرپور کے آخری حکمران ہزہائی نس میر علی مراد خان تالپور دوم 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
میر علی مراد خان تالپور کے صاحبزادے پرنس میر مہدی رضا نے انتقال کی تصدیق کردی۔ میر علی مراد خان تالپور دوم ایس آئی یو ٹی ہسپتال سکھر میں زیر علاج تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے کل بروز منگل ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، مرحوم کی نماز جنازہ کل دن 11 بجے ادا کی جائے گی۔ امیر سابق ریاست خیرپور کے انتقال کی خبر پر کوٹ ڈیجی میں غم کی فضا ہے۔
میر علی مراد خان تالپور دوم 1933 میں انگلینڈ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم برطانیہ سے حاصل کی۔ وہ میر فیض محمد خان ثانی کے فرزند تھے اور کم عمری میں ریاست کے والی بنے۔
سابق وزیراعظم لیاقت علی خان نے میر علی مراد خان تالپور کی دستار بندی کی تھی، اس دور میں 17 توپوں کی سلامی کے بعد انہیں مکمل ریاستی اختیارات دیئے گئے۔ میر علی مراد خان تالپور 1947 سے 1954 تک ریاست کے والی رہے۔
تالپور خاندان کی نشانیاں کوٹ ڈیجی قلعہ، فیض محل اور مہرانو جنگل آج بھی موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments