مکہ دفاعی اتحاد کی سٹریٹجک کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج، علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا

ریاض: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹجک پولیٹکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے جس میں خطے کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج سعودی عرب میں سٹریٹجک کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پاکستانی وفد مکہ معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرے گا جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور مکہ معاہدے کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت علاقائی امن و استحکام میں مسلسل کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مدینہ پہنچ چکے ہیں، انہوں نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی، پاکستانی عوام اور امت مسلمہ کی بھلائی کے لیے دعا کی، نائب وزیراعظم نے جبلِ اُحد کا دورہ کیا اور شہدائے اُحد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ترک وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے علاوہ ترک وزیر دفاع یاشر گلر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو بھی شریک ہوں گے۔

ترکیہ کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں حالیہ علاقائی پیش رفت اور اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ان علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے جو اس گروہ کے قبضے میں ہیں۔

ایک ٹیلی وژن خطاب میں یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا کہ قومی دفاعی کونسل کے فیصلوں کی بنیاد پر ہم آج جمہوریہ کے باقی ماندہ علاقوں کی بازیابی اور پورے ملکی علاقے میں ریاستی اختیار اور اداروں کی عملداری بحال کرنے کے لیے فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہیں۔

رشاد العلیمی نے مزید کہا کہ میں مسلح افواج، سکیورٹی فورسز اور تمام فوجی تشکیلوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اعلان کردہ منصوبوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کریں، یہاں تک کہ ملک کو حوثی دہشت گرد ملیشیا کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے۔

یہ اعلان گزشتہ ماہ حوثیوں کی جانب سے کیے گئے اچانک حملے کے بعد جنگ میں ایک بڑا نیا اضافہ سمجھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں گروہ نے بحیرہ احمر کے ساحل پر وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...