اسلام آباد ناکام ہو چکا تو تھر والوں کو موقع دیں، مزید صوبے حل نہیں: بلاول بھٹو
تھرپارکر: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سسٹم ناکام ہوگیا تو مزید صوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی، اسلام آباد ناکام ہو چکا ہے تو اسے تھرپارکر والوں کے حوالے کر دیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تھرکول بلاک ٹو کے توسیعی منصوبے فیز تھری کا افتتاح کر دیا۔
تھرکول فیز تھری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، پورا پاکستان حیران ہے تھر کہاں پہنچ گیا، سیاسی یتیموں کی جماعت کراچی میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں روایت بن گئی ہے کہ تھر کول کے بچے ٹاپ کرتے ہیں، ہمارے بچے امتحان میں ٹاپ کرتے ہیں، انہیں مبارکباد دینے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے، اسلام آباد کو بھی تھر جیسی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونیت کی سیاست سندھ میں لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، ہم نفرت کی سیاست ختم کر دیں گے، تھر ترقی کرتا رہے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ صوبے بنانے کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے، یہ منطق مجھے سمجھ نہیں آ رہی، اسلام آباد ناکام ہو چکا ہے تو اسے تھرپارکر والوں کے حوالے کر دیں، ہم چاہتے ہیں اسلام آباد بھی تھرپارکر کی طرح ترقی کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments