چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے اقدامات سے 2 سال سے لاپتہ لڑکی بازیاب
لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے اقدامات کے نتیجے میں دو سال سے لاپتہ 16 سالہ لڑکی کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کردیا گیا۔
لاپتہ لڑکی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم عدالت میں پیش ہوئے، جہاں پولیس نے دو سال سے لاپتہ 16 سالہ لڑکی کو بازیاب کراکے عدالت کے روبرو پیش کیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لڑکی کی شناخت کی تصدیق کی اور اسے چہرہ دکھانے کی ہدایت کی، چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا عدالت کے پاس موجود تصویر میں دکھائی دینے والی لڑکی یہی ہے؟
آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم نے عدالت کو تصدیق کی کہ بازیاب ہونے والی لڑکی وہی ہے جس کی تصویر عدالت کے پاس موجود تھی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ پنجاب میں بچیوں کے اغوا اور لاپتہ ہونے کے کتنے کیسز موجود ہیں۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں بچیوں کے اغوا اور لاپتہ ہونے کے 500 سے زائد کیسز موجود ہیں جن پر کام جاری ہے۔
لاپتہ بچیوں کے کیسز کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ بچوں اور خواتین سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کے لیے پولیس نے کیا میکنزم بنایا ہے؟
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ بچوں اور خواتین سے متعلق کیسز کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
اس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ اگر کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں تو پھر یہ صورتحال کیوں ہے؟ ہائیکورٹ کے نوٹس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور دو سال سے لاپتہ لڑکی تھوڑی سی کوشش کے بعد بازیاب ہوگئی، بتایا جائے کہ ایسے مزید کتنے کیسز زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے کہا کہ کبھی سوچا ہے کہ ان والدین پر کیا گزرتی ہوگی جن کی بچیاں غائب ہیں۔
عدالت نے خواتین سے متعلق مقدمات میں پولیس کی مبینہ غفلت کی شکایات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ پولیس کے بعض حلقوں میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ لڑکی کا کیس ہے تو لڑکی ایسی ہوگی یا ویسی ہوگی، اس رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین اور بچیوں سے متعلق مقدمات میں پولیس کو حساسیت کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں لاپتہ بچیوں کی بازیابی اور زیر التوا مقدمات سے متعلق آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments