انصاف کی فراہمی کیلئے عدلیہ اور وکلاء کا تعاون ناگزیر ہے: چیف جسٹس آزاد کشمیر
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی، عدلیہ کے وقار کے تحفظ اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ اور وکلاء کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔ وکلاء اپنے مؤکلین کے مقدمات مکمل تیاری، ٹھوس دلائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق پیش کریں تاکہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی نظام میں ہر فریق کی اپنی ذمہ داریاں ہیں۔ وکلاء کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے کہ وہ واضح، جامع اور متعلقہ قانونی نکات کی بنیاد پر دلائل دیں، جبکہ عدالتیں قانون اور شواہد کی روشنی میں فیصلے کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کی توجہ عدالتی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مرکوز رہی ہے۔ ان کے ساتھی جج صاحبان قابل اور باصلاحیت ہیں۔ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان کی پیشہ ورانہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایڈووکیٹ جنرل کے علاوہ سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار اور بار کونسل میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ وکلاء جج صاحبان کو قانون کی روشنی میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں، اس لیے عدلیہ اور وکلاء کے درمیان مضبوط روابط اور پیشہ ورانہ تعاون انصاف کی فراہمی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے وکلاء برادری کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق کو باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہمیشہ وکلاء کے مؤقف کو اہمیت دی اور باہمی احترام و تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔
چیف جسٹس نے نوجوان وکلاء پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں بعض فیصلے بظاہر انسان کو گراں گزرتے ہیں، تاہم ان میں اللہ تعالیٰ کی مصلحت پوشیدہ ہو سکتی ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔
اس موقع پر صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ ضیغم افتخار نے چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور معزز جج صاحبان کو سنٹرل بار آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کی عدالتی خدمات اور بار کے ساتھ دیرینہ وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ججز اور وکلاء کے درمیان باہمی احترام اور تعاون ہی انصاف کی مؤثر فراہمی کی بنیاد ہے۔
تقریب میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، جسٹس خالد یوسف چوہدری، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ ضیغم افتخار، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خالد یوسف چوہدری نے نئے انرول ہونے والے وکلاء میں لائسنس تقسیم کیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments