چھپکلی کو کھانا کھلانے اور فوجی اڈہ چھوڑنے والا افسر معطل

سیول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں ایک فوجی افسر کو ڈیوٹی کے اوقات میں اجازت کے بغیر 64 مرتبہ فوجی اڈہ چھوڑنے اور ماتحت اہلکاروں کی چھٹیوں کی درخواستوں میں تاخیر کرنے پر دو ماہ کیلئے معطل کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بوسان ڈسٹرکٹ کورٹ نے جمعرات کو فوجی افسر کی جانب سے اپنے یونٹ کمانڈر کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی، افسر نے عدالت سے دو ماہ کی معطلی کا حکم منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق افسر نے 10 ماہ کے دوران دفتری اوقات میں ہفتے کے کام کے دنوں میں 64 مرتبہ اجازت کے بغیر فوجی اڈہ چھوڑا، اس دوران اس نے نہ تو باقاعدہ چھٹی کی درخواست دی اور نہ ہی اپنے کمانڈر کو روانگی سے آگاہ کیا۔

گارڈ کمانڈر نے عدالت کو بتایا کہ افسر فوجی اڈہ چھوڑنے کے لیے مختلف وجوہات پیش کرتا تھا، جن میں اپنی چھپکلی کو کھانا کھلانا اور گاڑی دھونا بھی شامل تھا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق افسر نے اکتوبر 2023 سے نومبر 2024 کے درمیان 26 فوجیوں کی جانب سے باہر جانے، رات باہر گزارنے اور چھٹیوں کے لیے جمع کرائی گئی 698 درخواستوں کی منظوری میں تاخیر کی۔

درخواستوں کی منظوری میں تاخیر کے باعث متعلقہ فوجی اہلکار فوج کی جانب سے فراہم کردہ ٹرین ٹکٹوں کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھا سکے، جس کے نتیجے میں انہیں سفری اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنا پڑے۔

عدالت نے افسر کی جانب سے معطلی ختم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دو ماہ کی معطلی کا فیصلہ برقرار رکھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...