پاکستان اور قازقستان کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق
الماتے: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین سے تیان شانگ فورم کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر زور دیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ای کامرس، ویئر ہاؤسنگ، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، قازقستان کی نسبتاً سستی توانائی پاکستانی ٹیکسٹائل سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر سکتی ہے۔
.jpg)
وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ قازقستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد ضروری ہے، پاکستان قازقستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو عملی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی پر مشتمل مارکیٹ قازقستان کے لیے اہم تجارتی مواقع رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے پانچ سالہ روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور بینکاری روابط میں بہتری سے دوطرفہ تجارت کو نئی جہت ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments