پاکستان میں دو دہائیوں بعد تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں بحال ہونے کی تیاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں 20 سال بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں بحال ہونے جا رہی ہیں، ترک پٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اسلام آباد میں ترک سیسمک جہاز کی آمد کے انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جہاز کی آمد، سکیورٹی، سمندری اور آپریشنل انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ترک جہاز کی کراچی آمد پر ذاتی طور پر استقبال کرنے کا عندیہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد ایک اہم سنگِ میل ہے، پاکستان آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ آف شور تلاش کا منصوبہ پاکستان کی توانائی سلامتی اور ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ توانائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور ترکیہ مل کر ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔
اجلاس میں ترک پٹرولیم کے پراجیکٹ منیجر نے پاکستانی حکام کی جانب سے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو ترک جہاز کی آمد اور آف شور آپریشنز کے لیے قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ترک سیسمک سروے جہاز کی کراچی آمد کو پاکستان میں تقریباً دو دہائیوں بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments