مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پوری دنیا میں مضبوط دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔
آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سید افتخار علی گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیں 100 روزہ پلان دیا گیا تھا اور منصوبوں پر فوراً عمل درآمد کا آغاز ہوگا، سو دنوں میں کیے جانے والے اقدامات سے عوام کا اعتماد ریاست پر بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی دیکھیں، عوام کا جو کھوئی ہوا اعتماد ہے اسے بحال کریں گے، انہوں نے اعلان کیا کہ آزادکشمیر میں کیتھ لیبز بنائی جائیں گی اور کلینک آن وہیلز بھی شروع کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ستھرا کشمیر اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو ری ویمپ کیا جائے گا جبکہ سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیز کے لیے سکالرشپس کا آغاز کر رہے ہیں، محکموں میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی۔
سید افتخار گیلانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں کوئی سکول ایسا نہیں جو دانش سکول کے معیار پر پورا اترتا ہو، انہوں نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے آزادکشمیر کو دانش سکول دیے ہیں، پانچ دانش سکولوں اور ایک یونیورسٹی پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے کی آئندہ چھ ماہ میں تشکیلِ نو کر دی جائے گی، مزید چھ شہروں میں آئندہ سو دنوں میں گرین بسیں چلائی جائیں گی، سیاحتی مقامات کے لیے روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ سکل ڈیویلپمنٹ کا فوری آغاز کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments