نوازشریف اور مریم نواز دو روزہ دورے پر وادیٔ نیلم پہنچ گئے

‎مظفرآباد: (محمد اسلم میر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دو روزہ دورے پر آزاد کشمیر کی حسین وادیٔ نیلم پہنچ گئے۔

جہاں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ان کے میزبان ہیں، نواز شریف اور مریم نواز شریف نے گزشتہ رات وادیٔ نیلم کے خوبصورت علاقے تہجیاں میں قیام کیا جبکہ دورے کے دوسرے روز آج وہ وادی کے آخری سیاحتی مقام تاوبٹ جائیں گے۔

‎برف پوش پہاڑوں، سرسبز ڈھلوانوں، دیودار کے بلند و بالا درختوں، آبشاروں اور دریائے نیلم کے نیلگوں پانی کے باعث شہرت رکھنے والی وادیٔ نیلم کا علاقہ تاوبٹ قدرت کے حسین شاہکاروں میں شمار ہوتا ہے۔

مظفرآباد سے تقریباً 200 کلومیٹر طویل وادی کے آخری سرے پر واقع یہ علاقہ اپنی قدرتی دلکشی، منفرد جغرافیائی اہمیت اور پُرسکون ماحول کے باعث سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہتا ہے،یہاں پہاڑوں کے درمیان بہتا دریائے نیلم، گھنے جنگلات اور قدرتی مناظر سیاحوں کو ایک الگ ہی دنیا کا احساس دلاتے ہیں۔

‎نواز شریف اور مریم نواز شریف آج تہجیاں سے تاوبٹ روانہ ہوں گے جہاں وہ وادی کے قدرتی حسن، جنگلات اور سیاحتی مقامات کا مشاہدہ کریں گے۔

اس دورے کا ایک خاص پہلو دریائے نیلم کے کنارے جنگلات کے درمیان تعمیر کیا گیا دیودار کی لکڑی کا خوبصورت گیسٹ ہاؤس بھی ہے جس کی تعمیر 2016 میں اس وقت کی گئی تھی جب نواز شریف وزیراعظم پاکستان تھے۔

محکمہ جنگلات آزاد کشمیر نے اس وقت ان کے دورے کے پیش نظر لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم کے کنارے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ یہ دیدہ زیب گیسٹ ہاؤس تعمیر کیا تھا تاہم نواز شریف اس وقت وہاں نہیں جا سکے تھے۔

‎تقریباً دس سال قبل تعمیر ہونے والا یہ لکڑی کا گیسٹ ہاؤس اپنے منفرد طرزِ تعمیر اور قدرتی ماحول میں خوبصورتی سے گھل مل جانے کے باعث توجہ کا مرکز ہے، دیودار کی لکڑی سے تیار کردہ اس عمارت کے اطراف گھنے جنگلات، پہاڑی مناظر اور دریائے نیلم کی موجودگی اس مقام کو مزید دلکش بناتی ہے۔

آج نواز شریف پہلی مرتبہ اس گیسٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے اور یہاں کچھ وقت گزاریں گے تاہم ان کا رات کا قیام دوبارہ تہجیاں میں ہی ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔

‎وادیٔ نیلم کا یہ دورہ محض ایک سیاحتی سرگرمی نہیں بلکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...