فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کو اردن کے ہاتھوں بھی بدترین شکست

اومان: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں اردن کے ہاتھوں دوسرے میچ میں بھی پاکستان کی ٹیم کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

اردن کے دارالحکومت اومان  کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں پاکستانی ٹیم نے گزشتہ میچ کی طرح بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ میزبان ٹیم میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ موڈ میں کھیلی اور ٹائم ختم ہونے تک پاکستان کو سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا۔

اُردن کے کھلاڑیوں نے پاکستانی گول پوائنٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے، میچ کا پہلا گول موسیٰ التماری نے 15 ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، دوسرا گول یازان النعمت نے پنالٹی کک پر 28 ویں منٹ میں کیا، میچ کا پہلا ہاف ختم ہونے تک اردن نے 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

دوسرے ہاف کے 7 ویں منٹ میں سعید الروسان نے اُردن کیلئے تیسرا گول کیا، 10 منٹ بعد ایک اور موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُردن کی ٹیم چوتھا گول کرنے میں کامیاب رہی، یہ گول موسیٰ التماری نے کیا جو اُن کا دوسرا گول بھی تھا۔

5 واں گول علی الوان نے 75 ویں منٹ میں کیا، موسیٰ التماری نے 79 ویں منٹ میں گول سکور کر کے اُردن کی برتری 0-6 کر دی اور ساتھ ساتھ اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی، میچ کا ساتواں اور آخری گول ابو محمد نے 83 ویں منٹ میں کیا اور یوں پاکستان کو 0-7 سے شکست ہوئی۔

واضح رہے کہ 16سال کے عرصے میں پاکستان کی یہ سب سے بڑے مارجن سے ناکامی ہے، کوالیفائر 2 میں پاکستان اپنے چاروں میچز میں شکست کھا چکا ہے، فیفا رینکنگ میں اُردن کی 70 ویں جبکہ پاکستان کی 195 ویں پوزیشن ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں