ٹی 20 ورلڈ کپ: سکاٹ لینڈ کا اٹلی کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف
کولکتہ: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ساتویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے اٹلی کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف دے دیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جا رہے میچ میں اٹلی نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے ایک تبدیلی کی ہے، سفیان شریف کی جگہ بریڈ ویل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سکاٹ لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، جارج منسی نے 84، برینڈن میک مولن نے 41 اور مائیکل جونز نے 37 رنز سکور کئے۔
اٹلی کی جانب سے علی حسن، گرینٹ سٹیورٹ، تھامس ڈریکا اور جے جے سموتھس نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یہ اٹلی کا آئی سی سی کے کسی بھی میگا ایونٹ میں پہلا میچ ہے، چار بار کا فیفا ورلڈکپ چیمپئن اٹلی پہلی مرتبہ کرکٹ کے میگا ایونٹ میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
ایونٹ میں آج دوسرا میچ عمان اور زمبابوے کے درمیان 2:30 بجے ہوگا جبکہ تیسرے میچ میں کینیڈا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شام 6:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔